نئی دہلی:30 جولائی (یو این آئی ) راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ زمین کے بدلے نوکری اسکینڈل میں سی بی آئی کی طرف سے دائر ایف آئی آر کو مسترد کرنے کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ لالو نے دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں ان کی درخواست پر جلد سماعت کرنے سے انکار کر دیا گیا تھا۔دہلی ہائی کورٹ میں اس معاملے کی اگلی سماعت 12 اگست کو مقرر ہے۔ لالو پرساد یادو نے دلیل دی تھی کہ نیچی عدالت میں 26 جولائی سے 2 اگست تک ان اور ان کے خاندان کے اراکین کے خلاف الزامات طے کرنے کی سماعت چل رہی ہے۔ اس لیے دہلی ہائی کورٹ کو ان کی درخواست پر 12 اگست سے پہلے سماعت کرنی چاہیے۔ تاہم، ہائی کورٹ نے ان کی جلد سماعت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔اس کے بعد لالو نے سپریم کورٹ کا رخ کیا، لیکن وہاں بھی انہیں کوئی راحت نہیں ملی۔ زمین کے بدلے نوکری اسکینڈل لالو پرساد یادو اور ان کے خاندان کے لیے طویل عرصے سے قانونی پیچیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔