لالو جسمانی طور پر صحت مند، جیل سے سیاسی سرگرمیاں جاری

   

ضمانت کی درخواست کی سی بی آئی کی جانب سے مخالفت
نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں آر جے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔ لالو پرساد چارہ گھٹالہ کے کیسوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ سی بی آئی نے اس درخواست میں کہا ہے کہ قیاس ہے کہ لالو پرساد لوک سبھا انتخابات سے قبل ضمانت پر رہائی کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہوجائیں گے اور ضمانت کی منظوری کا غلط استعمال کریں گے۔ سی بی آئی نے یہ بھی کہا کہ لالو پرساد 8 ماہ سے ایک دواخانے کے وارڈ میں شریک ہیں اور وہاں سے سیاسی سرگرمیاں میں مصروف ہیں۔ مذکورہ تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار لالو پرساد جب دواخانے میں تھے تو انہیں نہ صرف تمام سہولتوں سے لیس خصوصی وارڈ میں رکھا گیا تھا بلکہ عملاً وہاں سے وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے تھے اور ان سے ملاقات کیلئے آنے والوں کی فہرست بھی طویل ہے۔ سی بی آئی نے مزید بتایا کہ یادو دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی صحت اس قدر خراب ہے کہ وہ جیل میں مزید نہیں رہ سکتے مگر اب وہ اچانک جسمانی طور پر صحت مند ہوگئے ہیں۔ آر جے ڈی کے سربراہ لالو کو حال ہی میں منڈا سنٹرل جیل میں منتقل کیا گیا ہے۔ وہ ان کی ضمانت کی درخواست کی جھارکھنڈ ہائیکورٹ کی جانب سے استرداد کے 10 جنوری کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرچکے ہیں۔