زمین کے بدلے نوکری اسکام
نئی دہلی۔13 اکتوبر ۔ (ایجنسیز) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو بہار اسمبلی انتخابات سے قبل بڑا جھٹکا لگا ہے، کیونکہ دہلی کی روز ایونیو کورٹ نے پیر کے روز سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو، سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر کے خلاف زمین کے بدلے نوکری اسکام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد ان تمام ملزمان کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔عدالت نے کہا کہ کیس کے تحت کارروائی دھوکہ دہی (سیکشن 420)، فوجداری سازش (سیکشن 120B) اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعات کے تحت آگے بڑھے گی۔ملزمان میں لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو، پریم گپتا، سرلا گپتا، اور سابق ریلوے افسران راکیش سکسیٰ اور پی کے گوئل شامل ہیں جنہوں نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔خصوصی جج وِشال گونے نے 29 مئی کو طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھا تھا، جسے اب سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ملزمان پر کرپشن، دھوکہ دہی اور سازش کے شواہد موجود ہیں۔یہ کیس 2004 سے 2009 کے درمیان لالو پرساد کے ریلوے وزیر رہنے کے دوران رانچی اور پوری میں واقع دو آئی آر سی ٹی سی ہوٹلوں کے کنٹریکٹ میں بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔تحقیقات کے مطابق، یہ ہوٹل بغیر مناسب ٹینڈر کے الاٹ کیے گئے اور اس کے بدلے لالو خاندان کو تین ایکڑ قیمتی زمین ایک بے نامی کمپنی کے ذریعے منتقل کی گئی۔ذرائع کے مطابق، ایک ہوٹل سرلا گپتا (سابق راجیہ سبھا رکن پریم گپتا کی اہلیہ) کو دیا گیا، جو لالو پرساد کے قریبی ساتھی مانے جاتے ہیں۔لالو پرساد یادو نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ”ہوٹلوں کے ٹھیکے مکمل طور پر قانونی طریقے سے دیے گئے تھے’’اور انہوں نے کیس سے بریت کی اپیل کی تھی۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے بھی لالو پرساد کی وہ درخواست مسترد کر دی تھی جس میں انہوں نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگانے کی استدعا کی تھی۔اس سے پہلے دہلی ہائی کورٹ نے بھی ان کی اپیل خارج کر دی تھی۔سی بی آئی کے مطابق، لالو پرساد یادو کے ریلوے وزیر رہنے کے دوران ان کے خاندان کو پٹنہ کے شہریوں سے زمینیں اور جائیدادیں حاصل ہوئیں، بدلے میں انہیں ریلوے کے گروپ ڈی عہدوں پر نوکریاں دی گئیں۔یہ معاملہ اب مکمل سماعت کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جو آر جے ڈی کے لیے سیاسی طور پر بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر۔