لالو پرساد راشٹریہ جنتا دل کے پھر قومی صدرمنتخب

   

پٹنہ۔5؍جولائی( ایجنسیز) پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل کی نیشنل ایگزیکٹو کی میٹنگ میں لالو پرساد یادو کو ایک بار پھر پارٹی کا قومی صدر منتخب کیا گیا۔ وہ اب 2028 تک اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اس موقع پر میٹنگ میں موجود لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ میں آپ سبھی کا شکر گزار ہوں کہ آپ لوگوں نے مجھ پر بھروسہ کیا۔ پارٹی کو کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔ تیجسوی یادو دن و رات محنت کر کے ہر ایک چیز کو دیکھتے ہیں، ہر جگہ جاتے ہیں۔ ساتھ ہی لالو پرساد یادو نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ آپ لوگ بھی پارٹی کے کام میں دل و جان سے مصروف رہتے ہیں۔ انتخاب کا وقت نزدیک ہے اور ہم سب کو متحد رہنا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کہ غریبوں کو بتانا ہے کہ بی جے پی عوام کے خلاف کیا کر رہی ہے۔ تیجسوی کو ہم نے آگے کھڑا کیا ہے اور تیجسوی یادو کو ذمہ داری دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی صحت کی پرواہ نہیں کرتے ہیں اور روز رات میں تیجسوی سے پوچھتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔