لالو پرساد یادو سے کے سی آر کی ملاقات پٹنہ میں گردوارہ میں حاضری

   

حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق چیف منسٹر بہار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے ملاقات کی اور صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نتیش کمار کے ساتھ لنچ کے بعد کے سی آر ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کی قیامگاہ پہنچے جہاں سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔ لالو پرساد یادو حال ہی میں علاج کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی اور ان کے افراد خاندان موجود تھے۔ لالو پرساد یادو نے اس موقع پر تلنگانہ تحریک کی یاد تازہ کی اور کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کو لالو پرساد یادو کی مکمل تائید کا حوالہ دیتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر پٹنہ میں گردوارہ پہنچے جہاں سکھوں کے گرو گوبند سنگھ کے جنم استھان کے درشن کئے اور گردوارہ میں دعائیہ اجتماع میں شرکت کی۔ر