مخالفین کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/22فروری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آر جے ڈی قائد اور سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو کو جیل کی سزاء پر دکھ کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی نے انتقامی کارروائی کے تحت لالو پرساد یادو کو نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی سے مفاہمت سے انکار پر لالو پرساد کو 5 سال قید کی سزاء سنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد یادو نے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی ہے کیونکہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی تائید کرنے پر نیرو مودی اور للت مودی کو عوامی رقومات لوٹ کر ملک سے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے خلاف بی جے پی کی مہم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ اڈوانی اورواجپائی دور میں اس طرح کی کارروائیاں نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں بدعنوانیوں میں ملوث وزراء کو جیل بھیجا گیا لیکن بی جے پی حکومت بدعنوانیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ او بی سی طبقہ سے لالو پرساد یادو کا تعلق ہے لہذا وہ بی سی قائد کی حیثیت سے جیل کی سزاء پر اظہار دکھ کررہے ہیں۔ ر