پٹنہ: ای ڈی نے آج آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو سے نوکری کیلئے زمین سے منسلک منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی کی طرف سے یہ پوچھ گچھ اس معاملے میں شریک ملزم یادو کی اہلیہ اور بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور ان کے بیٹے تیج پرتاپ یادو سے پوچھ گچھ کے بعد کی گئی۔ منگل کو ای ڈی نے مسز رابڑی دیوی اور تیج پرتاپ یادو سے چار گھنٹے سے زیادہ وقت تک الگ الگ پوچھ گچھ کی تھی۔ای ڈی کے سمن کے بعد یادو اپنی بیٹی اور آر جے ڈی ایم پی میسا بھارتی کے ساتھ آج دارالحکومت پٹنہ میں مرکزی ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے۔ ای ڈی ذرائع نے چہارشنبہ کو کہا کہ پرانے سوالات کے ساتھ ساتھ نئے سوالات اور حقائق یادو کے سامنے رکھے جا رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا وہ مرکزی ایجنسی کو گمراہ کر رہے ہیں جو اس گھپلے کے منی لانڈرنگ پہلو کی جانچ کر رہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل کو ہی ای ڈی نے مسز رابڑی دیوی سے پوچھا تھا کہ انہوں نے اپنے نام پر زمین کیسے منتقل کی؟ وہ ان لوگوں کو کیسے جانتی ہے جن سے نوکریوں کے عوض زمین لی گئی اور اس نے انہیں نوکریوں کا لالچ کیوں دیا۔