پٹنہ : راشٹریہ جنتادل کے سابق رکن اسمبلی و پارٹی کے سینیئر لیڈر سید ابو دوجانہ نے کہا کہ آر جے ڈی کے قومی صدر اور پورے ملک میں سماجواد کے اہم ستون لالو یادو نے جس طرح سے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ اب جلد ہی پورے ملک کا دورہ کرنے والے ہیں اور عوام کو سمجھا کر 2024 میں نفرت کی دکان پر تالہ بندی کی جائے گی۔ لالو یادو کے اس بیان سے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی خیمہ میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔ سید ابو دوجانہ نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں مودی کی شکست یقینی ہے ، اس لیے کہ عوام بہت پریشان ہوچکے ہیں ، مہنگائی، بے روزگاری اتنی بڑھ گئی ہے کہ عوام کا جینا محال ہوچکا ہے ، اس لیے اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد کا فیصلہ کیا اور بالآخر اس کا مثبت نتیجہ یہ ہوا کہ چند ماہ کے اندر ہی انڈیا اتحاد وجود میں آگیا ۔ اس اتحاد سے بھی اتنی بے چینی ہوئی کہ انڈیا کو ہی مودی خارج کرنے میں جٹ گئے ۔ لیکن لالو یادو ہمیشہ اس بات کا اعادہ کرتے رہے ہیں کہ مودی کو شکست دینا آسان ہے بس ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کو سیاسی طور پر بیدار کیا جائے ۔ لالو یادو اس مشن کو قومی مشن بنانے میں جٹ گئے ہیں اور لالو یادو کی یاترا سے یہ تو یقینی ہے کہ 2024 میں مودی کو اقتدار سے بے دخل کر دیا جائے گا۔
