لالو یادو کے گھر اور متعلقہ ٹھکانوں پر سی بی آئی کا چھاپہ، نیا مقدمہ درج

   

پٹنہ: چارہ گھوٹالہ کیس میں ضمانت پر رہا بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کے ساتھ ان کی بیٹی بھی سی بی آئی کی کارروائی کی زد میں آ گئی ہے۔ درحقیقت سی بی آئی نے لالو اور ان کی بیٹی کے خلاف ان کے دور حکومت میں بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا تازہ مقدمہ درج کیا ہے۔ بدعنوانی کے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی کی ٹیم 15 مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے جس میں پٹنہ میں لالو کی رہائش گاہ (رابڑی دیوی کی موجودہ رہائش گاہ) شامل ہے۔پٹنہ میں سی بی آئی کے تین افسران کی دو ٹیمیں رابڑی دیوی اور بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ دہلی میں میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر لالو یادو سے سی بی آئی کے ایس پی اور ڈی ایس پی سطح کے افسران پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔لالو سے بھرتی سے متعلق فائلوں کے بارے میں جانکاری مانگی جا رہی ہے۔ دوسری طرف آر جے ڈی کے کارکنوں نے سی بی آئی کی کاروائی کے خلاف پٹنہ میں احتجاج کیا ہے۔ آر جے ڈی کارکنوں نے چھاپے کو سیاسی محرک بتایا۔