لالہ گوڑہ میں تاجر سے نقد رقم و موبائل چھین لینے کا واقعہ

   

سی سی کیمرہ ریکارڈنگ کے ذریعہ تحقیقات کا آغاز
حیدرآباد ۔ 21۔ مارچ (سیاست نیوز) لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں نامعلوم رہزنوں نے ایک تاجر کے قبضہ سے نقد رقم اور موبائیل فون چھین لیا۔ پولیس کے بموجب 50 سالہ ملیشم جو پیشہ سے تاجر ہے اور ضلع یادادری کا متوطن ہے، وہ کاروبار کے سلسلہ میں کل شہر آیا تھا اور آلو گڈہ باوی سے گزر رہا تھا کہ بعض نامعلوم افراد نے اس کی کار پر سنگباری کی جس کے نتیجہ میں گاڑی سڑک کے کنارے پارک کر کے اتر گیا۔ اسی دوران تین نامعلوم افراد نے ملیشم پر اچانک حملہ کردیا اور اس کے قبضہ سے ایک لاکھ نقد رقم اور اسمارٹ فون چھین کر وہاں سے فرار ہوگئے ۔ پولیس لالہ گوڑہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جارہا ہے ۔