صبح 10 تا 5 بجے شام تک ٹریفک تحدیدات ، ٹریفک پولیس کا بیان
حیدرآباد : /6 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے اے ریونت ریڈی جمعرات کو لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف لیں گے اور اس موقع پر پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کے علاوہ ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک جی سدھیر بابو کے مطابق /7 ڈسمبر صبح 10 بجے سے حلف برداری کے پروگرام کے پیش نظر ایل بی اسٹیڈیم کے اطراف و اکناف تحدیدات عائد کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر اے آر پٹرول پمپ جنکشن (پبلک گارڈن) سے بی جے آر مجسمہ کی سمت ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور ٹریفک کا رخ اے آر پٹرول پمپ سے نامپلی اور چیاپل روڈ کی سمت کردیا جائے گا ۔ اسی طرح ایس بی آئی گن فاؤنڈری سے بی جے آر سرکل کی سمت ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور اس کا رخ ایس بی آئی گن فاؤنڈری سے چیاپل روڈ کی سمت کردیا جائے گا ۔ بشیر باغ تا بی جے آر مجسمہ کی سمت ٹریفک کو اجازت نہیں رہے گی اور اس کا رخ بشیر باغ ، کنگ کوٹھی ، اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس کی سمت کردیا جائے گا ۔ سجاتا اسکول سے خان لطیف خان بلڈنگ کی سمت ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور اس کا رخ سجاتا اسکول جنکشن تا نامپلی اسٹیشن روڈ کردیا جائے گا ۔ ٹریفک تحدیدات صبح 10 بجے تا شام 5 بجے تک رہیں گے اور ٹریفک پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ حلف برداری پروگرام کے پیش نظر علاقہ پنجہ گٹہ ، وی وی مجسمہ ، راجیو گاندھی مجسمہ (موناپا جنکشن) نرنکاری بھون ، قدیم سیف آباد پولیس اسٹیشن لکڑی کا پل ، اقبال مینار ، رویندرا بھارتی ، ٹریفک کنٹرول روم ، بشیر باغ ، ایس بی آئی گن فاؤنڈری ، عابڈس سرکل ، اے آر پٹرول پمپ ، نامپلی خان لطیف خان بلڈنگ ، لبرٹی ، حمایت نگر اسمبلی ، معظم جاہی مارکٹ اور حیدر گوڑہ کے علاقوں میں ٹریفک متاثر ہوسکتی ہے ۔ مذکورہ ٹریفک تحدیدات کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ مقامات کو سفر کرنے کیلئے متبادل راستے اختیار کریں ۔