لال بہادر اسٹیڈیم میں 21 ڈسمبر کو کرسمس تقاریب کی تیاریاں

   

چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے، 12 ہزار مدعوئین ،وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سرکاری سطح پر لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی کرسمس تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے آج عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ لال بہادر اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ کرسمس تقاریب اگرچہ ریاست گیر سطح پر منعقد کی جارہی ہے تاہم حیدرآباد میں 21 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں مرکزی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تقاریب کے انتظامات کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ توقع ہے کہ 12,000 افراد لال بہادر اسٹیڈیم کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انتظامات کا جائزہ لینے والوں میں حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ارکان مقننہ راجیشورراؤ ، اسٹیفنسن ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، کمشنر پولیس انجنی کمار ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، آئی اے ایس عہدیداران وجئے کمار ، ہریویندر اور کرسمس تقاریب کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی بہبود نے پولیس ، ریونیو ، صحت ، برقی ، جی ایچ ایم سی اور پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد انتظامات مکمل کرلیں اور تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حکومت کی جانب سے کرسمس تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سال کورونا وباء کے پیش نظر پروگرام منعقد نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں حصہ لیں گی۔ عیسائی طبقہ میں سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان تقاریب میں تین بشپ ، مختلف چرچس کے فادرس ، پاسٹرس ، برادرس ، سسٹرس اور دوسرے شرکت کریں گے۔ 12,000 افراد کے لئے ڈنر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر خود بھی معززین کے ساتھ ڈنر میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد فوڈ اسٹال قائم کئے جارہے ہیں اور مناسب تعداد میں والینٹرس تعینات کئے جائیں گے۔ کورونا وباء کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے ۔ مدعوئین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ کووڈ قواعد کو ملحوظ رکھیں۔ اسٹیڈیم کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور موبائیل ٹائلٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ پولیس کے وسیع تر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام مذاہب کے عید اور تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ر

کرسمس کے موقع پر ریاست بھر میں عیسائی طبقہ کے غریبوں میں ملبوسات کا تحفہ تقسیم کیا جارہا ہے ۔ ارکان اسمبلی کی نگرانی میں ملبوسات کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ ر