لال بہادر شاستری ٹرسٹ سے حیدرآباد میں اِسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کا قیام

   

Ferty9 Clinic

سابق وزیر اعظم کے فرزند انیل شاستری کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے نام سے چلنے والے ٹرسٹ نے حیدرآباد میں اِسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ آنجہانی لال بہادر شاستری کے فرزند اور ٹرسٹ کے صدرنشین انیل شاستری نے آج حیدرآباد میں چیف سکریٹری سومیش کمار اور نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے ملاقات کی۔ لال بہادر شاستری ٹرسٹ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف علاقوں میں تربیتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میں اِسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے شہر میں ایک اور نامور ادارہ کا اضافہ ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔ ٹرسٹ کے صدرنشین انیل شاستری نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیمات کی ستائش کی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اِسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انیل شاستری نے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ طلباء و نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مختلف فنی کورسیس متعارف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کے قیام کیلئے حیدرآباد موزوں مقام ہے۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے انیل شاستری سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت کی سطح پر ادارہ کیلئے جو بھی انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہوگی فراہم کی جائے گی۔ ٹرسٹ کے ڈائرکٹر سریواستو نے بتایا کہ ادارہ کا الحاق سنگا پور کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے ہے۔ ٹرسٹ کے مشیر پانڈو ریڈی اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔R