لانس نائک فیروز خاں کے افراد خاندان کو امدادکا مطالبہ

   

سی پی آئی سکریٹری وینکٹ ریڈی کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد : سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے لانس نائک فیروز خاں کے افراد خاندان کو وعدہ کے مطابق امدادی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ۔چین سرحد پر جھڑپ میں شہید ہونے والے کرنل سنتوش بابو کے پسماندگان سے ملاقات کیلئے چیف منسٹر سوریا پیٹ پہنچے۔ پسماندگان کو پانچ کروڑ امداد ، سنتوش بابو کی بیوہ کو سرکاری ملازمت اور تعمیر امکنہ کیلئے اراضی کے کاغذات حوالے کئے ۔ حکومت کے اس فیصلہ کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کے حق میں اس طرح کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سرحد پر لانس نائک فیروز خاں اور لانس نائک رام چندر نے اپنی جان کی قربانی دی ۔ ان دونوں کے افراد خاندان کو ابھی تک مالی امداد اور روزگار کا وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ ان دونوں خاندانوں کو حکومت فوری طور پر امدادی رقم اور ملازمت فراہم کرے۔ جس طرح سنتوش بابو کے ارکان خاندان کو چیف منسٹر نے شخصی طور پر امداد حوالے کی اسی طرح کا سلوک دونوں شہید فوجیوں کے ساتھ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کورونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت کو فوری منصوبہ بندی کرتے ہوئے وائرس پر قابو پانا چاہئے ۔