لان ٹینس: شکست پر الکاراز نے اپنا ریکٹ توڑ دیا

   

اوہائیو: سنسناٹی اوپن میں فرانس کے گیل مونفلز کے خلاف شکست سے مایوس کارلوس الکاراز نے اپنا ریکٹ زمین پر پٹخ کر توڑ دیا۔ چار بار کے گرانڈ سلام چمپئن اسپین کے الکاراز کو مونفلز کے مقابل 4-6، 7-6 (7-5)، 6-4سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مونفلز سے ایک پوائنٹ کھونے کے بعد الکاراز نے اپنا ریکٹ کئی بار زمین پر مار کر توڑ دیا۔ جمعرات کی شام بارش کی وجہ سے میچ میں خلل پڑا اور دوسرے سٹ کے ٹائی بریک میں الکاراز پیچھے رہ گئے لیکن 37سالہ مونفلز نے بارش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری دو سٹ جیت کر الکاراز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ الکاراز نے بعد میں اپنی اس کارکردگی کو اپنا ’’بدترین میچ‘‘قرار دیا۔ الکاراز نے اعتراف کیا کہ مجھے ایسا لگا جیسے یہ میرے کریئر کا اب تک کا بدترین میچ ہوا۔ میں نے بہت اچھی ٹریننگ لی، مجھے بہت اچھا لگا، لیکن میں کھیل نہیں سکا۔ میں اسے بھولنا چاہتا ہوں۔ الکاراز نے ابتدائی میچ پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور مونفلز کے خلاف پہلا سٹ جیت لیا۔ تاہم، جب بارش کی وجہ سے کھیل میں خلل پڑا تو مونفلز نے ٹائی بریک میں مختصر وقفہ کا فائدہ اٹھایا۔ جمعہ کو جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو مونفلز نے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الکاراز کو فیصلہ کن تیسرے سٹ میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور آغاز میں ہی الکاراز کی سرویس توڑ دی۔ یو ایس اوپن 26اگست سے شروع ہو رہا ہے ۔ الکاراز کیلئے اچھے ردھم میں واپسی کرنے اور اپنی فارم واپس پانے کا اگلا موقع ہے ۔