لاوارث لاش کو پولیس نے 3 کلومیٹر تک کاندھا دیا

   

حیدرآباد۔ پولیس کے تعلق سے عوام میں ہر وقت منفی سوچ پائی جاتی ہے لیکن آندھراپردیش میں چند پولیس ملازمین نے انسانی ہمدردی کا ایسا مظاہرہ کیا جس کی ہر گوشہ سے ستائش کی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وشاکھاپٹنم ضلع کے رامبیلی منڈل میں ریونیو کے ملازمین کو سیتاپلم علاقہ میں سمندر کے ساحل پر ایک لاش ملی جنہوں نے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی۔ پولیس نے لاش کو ساحل سمندر سے 3 کلومیٹر تک کاندھا دیتے ہوئے اسے ایلمانچلی کے مردہ خانے تک پہنچایا۔لاش مکمل طور پر سڑی ہوئی تھی اس لئے کوئی بھی شخص مدد کے لئے آگے نہیں آیا۔کاندھا دینے والوں میں رامبیلی ایس آئی ارون کرن اور ان کے اہلکاروں کے ہمراہ اے ایس آئی دورا، ہیڈ کانسٹیبل مسینو، کانسٹیبل نارسنگھ راؤ اور ہوم گارڈ کونڈابابو شامل تھے ۔