لاوڈ اسپیکر میں اذان ‘ گورکھپور میں مسجد میں توڑ پھوڑ ‘ موذن پر حملہ

,

   

Ferty9 Clinic

گورکھپور 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) گورکھپور میں چھ شر پسندوں نے ایک مسجد میں توڑ پھوڑ کی اور موذن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا جب موذن نے لاک ڈاون کے دوران لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے کا سلسلہ روکنے سے انکار کردیا ۔ یہ چھ اشرار چاہتے تھے کہ لاک ڈاون کے دوران لاوڈ اسپیکر میں اذان نہ دی جائے ۔ موذن نے ان کا مطالبہ تسلیم کرنے کی بجائے پولیس کا اجازت نامہ انہیں دکھادیا ۔ اس پر یہ اشرار برہم ہوگئے اور انہوں نے مسجد میںگھس کر توڑ پھوڑ کی اور موذن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔ 35 سالہ موذن عبدالرحمن اس حملے میں زخمی ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ مسجد میں وہ صرف تین لوگ تھے جس کی لاک ڈاون کے دوران اجازت ہے ۔ چھ افراد مسجد میں گھس آئے اور انہوں نے مسجد میں توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ موذن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔ سیکری گنج پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے لاک ڈاون کے دوران لاوڈ اسپیکر میں اذان پر اعتراض کیا اور موذن پر حملہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس عہدیدار وہاں پہونچ گئے اور حالات کو قابو میں کیا ۔ حملہ آوروں نے لاوڈ اسپیکر کا ساونڈ باکس بھی توڑ دیا ۔ قرآن مجید کے نسخہ بکھیر دئے اور دو مقامی افراد کو بھی مارپیٹ کی جس سے علاقہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ ایک شخص نے حملہ آوروں کو مسجد میں بند کرکے پولیس کو اطلاع دی تاہم یہ لوگ دیوار پھاند کر باہر آگئے اور فرار ہوگئے ۔ پولیس نے دونوں فرقوں میں افہام و تفہیم کروادی ۔