لاوے پورہ انکاونٹر کی غیر جانبدارانہ تحقیقات پر محبوبہ مفتی کا زور

   

ماں کو مہلوک بیٹے کے آخری دیدار سے محروم رکھنا غیر انسانی فعل: سابق چیف منسٹر
سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لاوے پورہ انکاؤنٹر پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو مکتوب میں تصادم میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے مہلوکین کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ ایک ماں کو اپنے مہلوک بیٹے کے آخری دیدار سے محروم رکھنا غیر انسانی اور نا قابل قبول فعل ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر کے نام مکتوب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ امید ہے کہ آپ پارمپورہ میں 30 دسمبر کو پیش آئے واقعہ سے واقف ہوں گے جس میں تین لڑکوں کو مارا گیا جن کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ وہ فرضی جھڑپ تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی امور پر اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ایسے واقعات نہ صرف مسلح افواج کیلئے باعث بدنامی ہوتے ہیں بلکہ انسانی حقوق کی پامالی بھی ہیں۔مہلوکین کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘مجھے معلوم ہے کہ انتظامیہ کو نعشیں لواحقین کے حوالے کرنے خدشات و تحفظات ہیں لیکن اس فیصلے سے لواحقین کا درد بڑھیگا ۔ امید کہ آپ اس فیصلے پر نظر ثانی کرکے لاشوں کو لواحقین کے سپرد کرنے کی اجازت دیں گے ۔