جدوجہد کرنے والوں کو ٹکٹ کا وعدہ، طلباء اور نوجوانوں کی جدوجہد جاری رہے گی
حیدرآباد۔ /3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کے طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کے جنگ سائرن پروگرام میں لاٹھی چارج میں زخمی کارکنوں کی عیادت کی۔ دلسکھ نگر تا ایل بی نگر پدیاترا کی کوشش پر پولیس نے کانگریس کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا ۔ ریونت ریڈی نے محمد علی شبیر، ڈی راج نرسمہا، ملوروی، شیوا سینا ریڈی، مل ریڈی رنگاریڈی، مل ریڈی رام ریڈی، سی ایچ کرن کمار ریڈی اور دیگر کے ہمراہ عیادت کی اور ڈاکٹرس کو بہتر علاج کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کارکنوں کو بھروسہ دلایا کہ طلبہ اور نوجوانوں کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ ریونت ریڈی نے ایل بی نگر چوراہا پہنچ کر تلنگانہ تحریک میں جان کی قربانی دینے والے سریکانت کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاٹھی چارج ہو یا فائرنگ کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں کی ناراضگی کے سی آر حکومت کے زوال کا سبب بنے گی۔ پُرامن احتجاج کے باوجود پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس میں کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ قائدین کو گھروں پر محروس رکھا گیا۔ ریونت نے کہا کہ طلباء اور بے روزگار نوجوانوں نے حکومت سے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا ۔ حکومت روزگار فراہمی میں ناکام ہے اس کے علاوہ بیروزگاری الاؤنس کی اسکیم پر عمل نہیں کیا گیا۔ کے سی آر کے وعدوں پر عوام نے دو مرتبہ بھروسہ کیا لیکن تلنگانہ کیلئے جو خواب دیکھا گیا وہ پورا نہیں ہوا ۔ انہوں نے شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ریونت ریڈی نے کہا کہ پولیس لاٹھی چارج کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی کمیشن سے نمائندگی کرکے خاطی پولیس عملہ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں، قائدین اور نوجوانوں کے گھر پہنچ کر پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے طلباء اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جدوجہد کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد حلقہ کیلئے پارٹی نے نوجوان قائد بی وینکٹ کو امیدوار بنایا ہے۔ر