زیورچ : جرمنی کے 27 سالہ نوجوان 1990 ء میں تنہا کوہ پیمائی کے دوران کوہ الپس میں لاپتہ ہو گئے تھے۔ تقریباً 32 برس بعد کوہ پیماؤں نے ان کی نعش دریافت کی اور تین دہائیوں بعد یہ معاملہ بالآخر حل ہو گیا۔ 1990 ء کی دہائی میں پیدل سفر کے دوران لاپتہ ہوجانے والے ایک جرمن شخص کی باقیات سوئٹزرلینڈ کی زرمٹ پہاڑی کے ایک تفریحی مقام سے دریافت ہوئی ہیں۔ الپس کی گہرائیوں میں یہ علاقہ بلند ترین پہاڑی چوٹیوں کا گڑھ ہے۔کوہ پیماؤں نے جولائی کے آخر میں اسٹاکجی گلیشیر پر نعش کے ساتھ ہی پیدل سفر میں استعمال ہونے والے بعض اشیا بھی دریافت کیں۔ اس کے بعد حکام نے ڈی این اے ٹیسٹ کیا اور اس ہفتے اس بات کی تصدیق بھی ہو گئی کہ یہ باقیات جرمنی کے بڈن ورٹمبرگ کے قصبے نورٹنگن سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نوجوان کی ہیں۔سوئٹزر لینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ گلیشیئر کے سکڑنے کی وجہ سے اس شخص کی نعش بر آمد ہونے میں کافی مدد ملی۔ کوہ پیما لوک لیشانونین نے بتایا کہ یہ لاش، حنوط شدہ تھی، جسے تھوڑا سا نقصان بھی پہنچا لیکن ابھی تک مکمل بھی تھی۔