جموں۔ چھتیس گڑھ ماؤ نواز حملے میں لاپتہ جموں سے تعلق رکھنے والے سی آر پی ایف جوان کے افراد خاندان نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان کے بیٹے کو صحیح سلامت واپس لائے ۔ لاپتہ جوان راکیش سنگھ منہاس کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ماویسٹوں کے مطالبات کو پورا کریں اور میرے بیٹے کو صحیح سلامت واپس لائے ’۔ جوان کی اہلیہ نے بھی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان کو جلد صحیح سلامت واپس لائیں’۔ راکیش سنگھ کے بھائی نے بتایا کہ میری ایک ہفتہ قبل ان سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد چھٹی پر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کنٹرول روم سے رابطہ پر معلوم ہوا کہ وہ لاپتہ ہیں جبکہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہو رہا ہے کہ میرا بھائی ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا بھائی گذشتہ دس برسوں سے سی آر پی ایف میں کام کر رہا ہے اور میرے والد بھی سی آر پی ایف میں تھے ۔
