حیدرآباد ۔ /11 مارچ (پی ٹی آئی) کھمم کے ایک اسسٹنٹ کمشنر لیبر جو /7 مارچ سے لاپتہ تھے چہارشنبہ کو ضلع جئے شنکر بھوپلاپلی میں مردہ حالت میں پائے گئے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ایک رقمی تنازعہ پر ان کا مبینہ طور پر قتل کیا گیا ہے ۔ تقریباً 30 تا 35 سال کی درمیانی عمر کے ایم آنند ریڈی کی نعش منگل کی رات بھوپلا پلی کے جنگلات میں پڑی پائی گئی ۔ اس کیس کے ضمن میں پکڑے گئے مشتبہ شخص نے اعتراف کی بنیاد پر نعش کا پتہ چلایا ۔ مشتبہ شخص نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے سرکاری عہدیدار آنند ریڈی کو چاقو گھونپ کر ہلاک کیا تھا ۔ ورنگل کے پولیس کمشنر وی رویندر نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’دوران تحقیقات ایک مشتبہ شخص کو پکڑا گیا تھا ۔ جس نے اعتراف کیا تھا کہ /7 مارچ کو اس نے آنند ریڈی کو ہلاک کیا تھا ۔ اس اعتراف کی بنیاد پر پولیس ٹیم مقام واردات پہونچی جہاں نعش دستیاب ہوئی ۔ کمشنر پولیس نے مزید کہا کہ تاوقتیکہ دیگر تمام مشتبہ افراد کو گرفتار نہیں کیا جاتا قتل کے پس پردہ محرکات کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہوگا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ رقم کے معاملہ پر پیدا شدہ تنازعہ کے سبب جرم کا ارتکاب کیا گیا ہے ۔ پولیس دیگر تین مفرور ملزمین کو تلاش کررہی ہے ۔