لاپتہ وائیلس کا سرقہ نہیں کیا گیا تھا ، اسٹاف نے قواعد کی خلاف ورزی میں ویکسین دیا تھا

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے اتوار کو میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہا کہ کونڈا پور ایریا ہاسپٹل سے کوی شیلڈ کے 50 وائیلس کے غائب ہوجانے کی اطلاع سرقہ نہیں تھی ۔ پولیس نے کہا کہ غائب ویکسین کو اس ہاسپٹل میں رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کو دیا گیا ۔ مئی میں اس وقت کے رنگاریڈی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایم دسرتھ نے گچی باولی پولیس کو اطلاع دی تھی کہ بعض نامعلوم اشخاص نے اس ہاسپٹل سے کوی شیلڈ ویکسین کے 50 وائیلس کا سرقہ کیا ہے ۔ پولیس کو بتایا گیا کہ کوی شیلڈ کے وائیلس کو اس ہاسپٹل میں آئس لاینڈ ریفریجریٹر (ILR) ویکسین روم میں اسٹور تھے اور جب پیڈیٹرک کونسلر ڈاکٹر مہیش نے اسٹاک کی جانچ کی تو انہوں نے دیکھا کہ تقریبا 130 وائیلس میں 50 کوی شیلڈ وائیلس غائب تھے ۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس سرقہ کا ایک کیس درج کیا ۔ چونکہ ILR روم کا قفل نہیں توڑا گیا تھا ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور ایک وارڈ بوائے سے پوچھ تاچھ کی جو آئی ایل آر روم کے قریب مشتبہ حالت میں پھر رہا تھا ۔ چونکہ اسٹاک رکھنے اور ویکسین دینے والے چند اسٹاف ارکان کوویڈ 19 سے متاثر ہونے کی وجہ ’ میڈیکل لیو ‘ پر تھے اس لیے اس کی تحقیقات میں دیر ہوئی ۔ حال میں پولیس نے اسٹاف کے بیان کو ریکارڈ کیا اور انہیں معلوم ہوا کہ ویکسین وائیلس کا سرقہ نہیں کیا گیا تھا ۔ گچی باولی پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’ شواہد سے ہمیں معلوم ہوا کہ ویکسینس لوگوں کو اس سے متعلق رہنمایانہ خطوط پر عمل نہ کرتے ہوئے دئیے گئے ۔ اس میں کوئی چوری نہیں ہوئی ۔ ہم نے میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ اس میں کوئی چوری نہیں ہوئی ۔ وہ چاہیں تو اس کی اپنے طور پر تحقیقات کرسکتے ہیں اور مناسب محکمہ جاتی کارروائی کرسکتے ہیں ۔ ان کے جواب پر ہم اس سلسلہ میں مزید کارروائی کریں گے ‘ ۔۔