لاڈ بازار کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کے حامل بازار کے طرز پر ترقی

   

کمانوں کے ڈیزائن کو قطعیت ، پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار کا دورہ
حیدرآباد۔3۔فروری(سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے لاڈ بازار کی خوبصورتی اور اسے تاریخی اہمیت کے حامل بازار کے طرز پر ترقی دینے کے لئے کمانوں کے ڈیزائن کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ پرنسپال سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے آج لاڈ بازار کا دورہ کرتے ہوئے لاڈ بازار میں نصب کئے گئے کمانوں کے دو مختلف نمونوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے اسے قطعیت دے دی اور کہا کہ اندرون ایک برس ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ لاڈ بازار کی دکانات میں یکسانیت پیدا کرنے کے لئے شروع کئے گئے اقدامات کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ ان کے ساتھ ساتھ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے توسط سے کاموں کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاڈ بازار کی دکانات پر یکساں نظر آنے والے سائن بورڈ آویزاں کرنے کا زائداز12سال قبل آغاز کیا گیا تھا لیکن تشکیل تلنگانہ اور چارمینار پیدل راہرو پر عمل آوری کے دوران اس منصوبہ میں ترمیم کرتے ہوئے لاڈ بازار کی تمام دکانات کے سامنے کمانوں کی تعمیر اور ان پر سائن بورڈ کے علاوہ بازار میں یکسانیت پیدا کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔تشکیل تلنگانہ کے بعد لاڈ بازار کو چارمینار سے مطابقت رکھنے والے بازار کے طور پر پیش کرنے کے منصوبہ کا 2018 میں اعلان کیا گیا تھا اور پرنسپال سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے لاڈ بازار کی دکانات کے روبرو کمانوں کی تعمیر اور ان کے ذریعہ بازار میں یکسانیت پیدا کرتے ہوئے اسے سیاحوں کی توجہ کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے سلسلہ میں اقدامات کا اعلان کیا تھا اورقلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ ان کاموں کی انجام دہی کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔لاڈ بازار کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے والے اقدامات کے سلسلہ میں مسٹر اروند کمار کے ہمراہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادمسٹر لوکیش کمار‘ چیف سٹی پلانر جناب ضیاء الدین کے علاوہ زونل کمشنر اشوک سمراٹ اور دیگر موجود تھے۔مسٹر اروند کمار نے دورہ کرنے کے بعد وہاں سے سردار محل پہنچ کر سردار محل کی تزئین نو اور آہک پاشی کے اقدامات کے متعلق بھی تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور عہدیداروں کو تاکید کی سردار محل کے تزئین نو کے کاموں کو گوشہ واری اساس پر مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور جس گوشہ کے کام مکمل کرلئے جائیں ان گوشوں کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے تاکہ چارمینار کی سیاحت کے لئے پہنچنے والے سیاحوں کے لئے تاریخی چارمینار اور مکہ مسجد کے اطراف و اکناف دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی موجود رہیں۔ لاڈ بازار کی دکانات کے آگے تعمیر کی جانے والی کمانوں کے سلسلہ میں جناب سید ضیاء الدین نے بتایاکہ انہیں دوسرے مقام پر تیار کرتے ہوئے یہاں لاکر نصب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ان کاموں کی انجام دہی کے دوران کسی قسم کی تجارت متاثر نہ ہو بلکہ تیزی کے ساتھ ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون ایک سال ان کاموں کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور اس کے مطابق ان کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔م