ممبئی 23اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹر میں ضرورت مند خواتین کے لیے شروع کی گئی ’مکھیہ منتری لاڑکی بہی یوجنا‘ میں اب ’ای۔کے وائی سی‘کے عمل پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ’ای۔کے وائی سی‘لازمی قرار دیے جانے کے بعد خواتین بڑی تعداد میں مراکز پر جمع ہو رہی تھیں اور رات رات بھر قطاروں میں کھڑی رہنے پر مجبور تھیں۔ خواتین کی اسی پریشانی اور ممکنہ ناراضگی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل عارضی طور پر یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے ۔یہ اسکیم گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران مہایوتی حکومت کے لیے انتخابی لحاظ سے ایک اہم اسکیم ثابت ہوئی تھی۔ مگر جیسے جیسے مالی دباؤ بڑھا اور کچھ خوش حال طبقے کی خواتین بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے لگیں، حکومت نے اس کے عمل میں سختی اختیار کی۔ نتیجتاً ‘ای-کے وائی سی’ کو لازمی قرار دیا گیا تاکہ صرف اہل خواتین ہی اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔حکومت کے مطابق یہ عارضی نرمی خواتین طبقے میں پھیلی ناراضگی کو کم کرنے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ان کی حمایت برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہے ۔