لاکھوں افغان موت کے دہانے پر : اقوام متحدہ کی تنبیہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے امریکہ اور عالمی بینک سے افغانستان کے فنڈز کو کھولنے کی التجا کی ہے۔ ان کے مطابق ملک کو اقتصادی اور سماجی تباہی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے متنبہ کیا ہیکہ اس وقت لاکھوں افغان موت کے دہانے پر ہیں۔ انہوں نے افغانستان کی انسانی امداد کیلئے بین الاقوامی برادری سے فنڈ فراہم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ افغانستان کو معاشی اور سماجی تباہی سے بچانے کیلئے اس کے منجمد فنڈز اور اثاثوں کو فوری طور پر کھولنے اور اس کے بینکنگ نظام کو پھر سے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔سکریٹری جنرل نے جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ منجمد درجہ حرارت اور منجمد اثاثے افغانستان کے لوگوں کیلئے ایک مہلک امتزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام اصول و ضوابط اور معاشی نظام جو، پیسوں کو جان بچانے کیلئے استعمال ہونے سے روکتے ہیں، اس ہنگامی صورتحال میں معطل کر دینا چاہیے۔ افغانستان کی معیشت پہلے سے ہی بیرونی انسانی امداد پر منحصر تھی تاہم جب طالبان نے اگست میں ملک پر کنٹرول حاصل کیا تو بین الاقوامی امداد رکنے کے ساتھ ہی امریکہ نے اربوں ڈالر کے افغانستان کے اثاثے بھی منجمد کر دیے۔