نیویارک : اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ برس تقریباً سوا دو کروڑ بچوں کو ضروری ٹیکے نہیں لگ سکے۔اقوام متحدہ نے 15 جولائی جمعرات کے روز ایک ”مکمل طوفان” کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر کے لاکھوں بچے بنیادی ویکسین، یا ضروری ٹیکے، کی سہولت سے بھی محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔اقوام متحدہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس تقریباً 23 ملین بچے خناق، ٹیٹنس اور کالی کھانسی جیسے انفیکشن کے معمول کی ٹیکے سے محروم ہو گئے۔ اس کے مطابق چونکہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں صحت کا نظام بھی بری طرح سے متاثر ہوا ہے اس لیے بچوں کو ہر برس جو ضروری ٹیکے لگنے ہوتے ہیں وہ بھی نہیں لگ سکے۔عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف نے اس سلسلے میں جو اعداد و شمار شائع کیے ہیں اس کے مطابق سن 2019 میں یہ تعداد صرف 37 لاکھ تھی جو گزشتہ برس بڑھ کر 2 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی۔