حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 55,52,500 روپئے کے پرانے 500 روپئے اور 1000 روپئے کے نوٹ برآمد کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق سید مزمل حسین ساکن لنگر حوض جو ٹولی چوکی میں ایس اے ٹینٹ ہاؤز کا مالک جو 2006 ء میں جدہ منتقل ہوگئے تھے، اس وقت ان کے پاس 30 لاکھ روپئے موجود تھے جو انکم ٹیکس سے بچنے کے لئے یہ رقم نئے نوٹوں میں تبدیل نہیں کروائے تھے۔ 2019 ء میں جدہ سے واپسی کے بعد وہ مسلسل نوٹوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن اس میں وہ ناکام ہوگیا تھا۔ جس کے بعد اس نے امجد خان نامی ایک شخص سے ملاقات کی اور مزید 25,52,500 جمع کئے جو بند ہوچکے تھے۔ امجد نے پالتی بھاسکر اور شیخ نسیمہ ایجنٹس سے ملاقات کی جس نے نوٹوں کی تبدیلی کے لئے 5 فیصد کمیشن طے کیا۔ جس کے بعد یہ چاروں پرانے نوٹوں کے خریداروں کی تلاش میں 15 مارچ کو عابڈس کے تاج محل ہوٹل میں 10 فیصد کمیشن پر نوٹوں کی تبدیلی کے لئے پہنچے جہاں انھیں پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پولیس نوٹوں کو ضبط کرتے ہوئے چاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ (ش)