لاکھوں روپئے چندہ وصول کرنے والے دھوکہ باز گرفتار

   

حیدرآباد: معمرخاتون کے علاج کے نام پر عوام سے لاکھوں روپئے کا چندہ وصول کرنے والے مبینہ دو دھوکے بازوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اے سی پی فلک نما مسٹر ایم اے ماجد کے مطابق حیدرآباد یوتھ کریج نامی این جی او کے سلمان خان اور اس کے ساتھی سید ایوب نے ایک فیس بک پیج بنایا اور یاسمین فاطمہ نامی معمر خاتون جو علیل ہیں کا ویڈیو اپنے پیج پر ڈالا اور اسے سوشیل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کئی افراد نے لاکھوں روپئے اسریٰ بیگم نامی خاتون کے آن لائن اکاؤنٹ میں منتقل کئے۔ پولیس نے بتایا کہ چندہ کے حاصل کر دہ 30 لاکھ روپئے کی رقم کو مذکورہ افراد نے اپنے نجی اکاؤنٹ میں منتقل کرلیا۔ اس سلسلہ میں شکایت موصول ہونے پر چندرائن گٹہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور ٹاسک فورس کی مدد سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے سلمان خان اور سید ایوب کے قبضہ سے 3 موبائیل فونس برآمد کر لئے۔ اس کیس کے دیگر دو ملزمین اسریٰ بیگم اور راشد ہنوز مفرور ہیں۔حیدرآباد یوتھ کریج نامی این جی او کے خلاف شہر کے دیگر پولیس اسٹیشنوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔