لاکھوں روپئے ہڑپنے والا رئیل اسٹیٹ دھوکہ باز گرفتار

   

دھوکہ سے لی گئی رقم سے جوا کھیلتا ، عیش و عشرت کی زندگی گذارتا تھا
حیدرآباد /22 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ نے ایک رئیل اسٹیٹ دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ جس نے پولیس کے مطابق افراد کو دھوکہ دیکر لاکھوں روپئے غبن کرلئے ۔ ڈی سی پی کرائم رچہ کنڈہ مسٹر یادگیری نے بتایا کہ 33 سالہ ایس ناگاراجو ساکن موہن نگر سرور نگر اور متوطن کھمم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ 14 ڈسمبر کے دن ایک شکایت کے بعد پولیس نے اس شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا ۔ اس نے سال 2010 میں سلواڈی اسٹیٹ کے نام سے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کا آغاز کیا ۔ جو آر ٹی سی کالونی میں رہتا تھا ۔ دھوکہ دینا اور عوام کی رقم کسی بھی طریقہ سے ہڑپنا اس کی عادت تھی اور اس رقم سے یہ شخص جوا کھیلا کرتا تھا جس کیلئے کبھی گوا ، کبھی سکم اور کبھی گورکھپور اور کبھی نیپال تک جایا کرتا تھا اور یہاں کیسینو میں رقم لٹاتا تھا ۔ شیر مارکٹ اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کے نام پر دھوکہ دینا اس کی عادت اور منشا بن گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق رئیل اسٹیٹ ویب سائیٹ پر جائیداد کو فروخت کرنے والوں کو تلاش کرکے ان سے رابطہ قائم کرتا تھا اور ان کے خریدار کی طرح پیش آتے ہوئے ذریعہ واٹس اپ دستاویزات کی نقل منگوایا کرتا تھا ۔ کبھی ان مالکین سے وہ سامنا نہیں کرتا تھا اور ان دستاویزات کی بنیاد پر دوسرے دستاویزات کی آر میں یہ خود اس جائیداد کو اپنی ذاتی ملکیت ظاہر کرتا ۔ اس کام میں وہ شخص زبردست مہارت رکھتا ہے اور دوسری جانب گراہک کو تیار کرنے کے بعد ان سے اڈوانس رقم لیکر حقیقی مالکین کے بینک اکاونٹ میں منتقل کردیتا تھا تاکہ کسی کو شک نہ ہوں ۔ اس طرح چند روز بعد ان حقیقی مالکین سے کسی بات کا بہانہ بناکر معاہدہ کو منسوخ کرلینا اور رقم واپس حاصل کرتے ہوئے غائب ہوجاتا تھا اور جن خریداروں نے رقم دی تھی انہیں وہ تنازعہ کا شکار بنادیا کرتا تھا ۔ میرپیٹ اور چیتنیہ پوری میں ایک سائبر کرائم میں 8 مقدمات میں یہ شخص ملوث بتایا گیا ہے ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس کے قبضہ سے 90 لاکھ 50 ہزار روپئے اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا ۔