مکہ مکرمہ 5 جون (ایجنسیز) دنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندانِ اسلام حج کا رکنِ اعظم ادا کرنے میدان عرفات میں جمع ہیں۔ مسجد نمرہ میں المسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے حج کا خطبہ دیا۔لاکھوں حجاج آج جمعرات 9 ذی الحجہ 1446 ہجری کو میدان عرفات میں عبادت و رب کریم کے حضور دعائیں کرنے میں سارا دن گزاریں گے۔ خطبہ حج کے بعد حجاج کرام میدان عرفات میں نماز ظہرین ادا کر رہے ہیں۔المسجد الحرام کے امام شیخ صالح بن حمید نے کہا ہے کہ اے اللہ! فلسطین کے بھائیوں کی مدد فرما، عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے والوں کو برباد کر دے، ان کے قدم اکھیڑ دے۔حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے دوران میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ صالح بن حمید نے مزید کہا کہ چھوٹی سے چھوٹی نیکی کو بھی حقیر نہ جانو، اللہ فخر، تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا، اللہ کے رسول کے احکامات کی پاسداری کریں، جن چیزوں سے روکا گیا ہے ان سے دور رہیں، اللہ نے کہا خیر کاکام کرنے والوں کے لیے آخرت میں جنت ہوگی، نیک اعمال کرنے والوں کیلئے دنیا میں بھی خیر و برکت ہو گی، تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، تقویٰ دنیا و آخرت کی بھلائی کا سبب ہے۔انہوں نے کہاکہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا اے ایمان والو! اللہ کی عبادت ایسے کرو کہ جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، یا پھر اللہ کی عبادت اس طرح سے کرو کہ جیسے اللہ تمھیں دیکھ رہا ہے، انہوں نے تقلین کی کہ آپس میں ایک دوسرے سے بڑھ کر نیکی کا کام کرو، اللہ سے ڈرتے رہو، تقوی اختیار کرو، اللہ کی پکڑ بہت سخت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی نے فرمایا اللہ کی عبادت کرو،اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، نیکو کاروں، تقوی اختیار کرنے والوں کے لیے آخرت میں اچھاانجام ہے، چھوٹی سے چھوٹی نیکی کو بھی حقیر نہ جانو، اللہ فخر اور تکبرکرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔ امام حرم نے مزید کہا کہ شیطان انسان کا دشمن ہے، شیطان سے بچو، اللہ تمہیں آزماتا ہے، اللہ نے ہر چیز کا وقت مقرر کررکھا ہے، نیک لوگ جنت میں جائیں گے اور ہمیشہ وہیں رہیں گے، اللہ نے زمین اور آسمان کو چھ دنوں میں پیدا کیا۔ شیخ صالح بن حمید نے امت مسلمہ کو بدعت اور غیبت سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سیدعا مانگتے رہو ،اس کی عبادت کرتے رہو، اللہ کی توحید، اس کے رسولوں پر ایمان لانا ایمان کا حصہ ہے، نیکی اور برائی کبھی برابر نہیں ہوسکتی، قیامت،جہنم،جنت پر ایمان ہونا چاہئے،اللہ کی رضا جنت سے بھی بڑی ہے، دنیا میں ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ لوح محفوظ میں ہے، انہوں نے کہاکہ انسان کی نیکیاں اس کی روح اور جسم کو پاک کر دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد عازمین حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائی کے میدان عرفات میں موجود ہیں۔سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے حجاج کو پرسکون ماحول کی فراہمی کے لیے مسجد نمرہ کے ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر رقبے میں آرام دہ قالین بچھائے گئے ہیں، ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں اوسطا 9 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہوتی ہے ۔عازمین آج حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے ، اور سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے ۔نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے ، اور مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے ۔حجاج کرام کل مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے ، وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کے لیے روانہ ہوں گے ، بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے ، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام سے نکل جائیں گے۔ 11ذوالحج کو حجاج کرام چھوٹے ، درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے ، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کے لیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے ، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے ۔12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، 13 ذوالحج کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے ۔سرکاری نشریاتی ادارے نے منگل کو بتایا کہ حکومتی حج اسکیم کے تحت 88 ہزار سے زائد عازمین آج ظہر سے پہلے 932 بسوں کے ذریعے منیٰ پہنچ جائیں گے۔ حج ایسا مقدس فریضہ ہے جسے مسلمانوں پر زندگی میں ایک بار پورا کرنا فرض قرار دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جس کے لیے انتظامات کو بہتر بنانے اور مسلسل لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 40 مختلف حکومتی ادارے اور 2 لاکھ 50 ہزار سے افسران و اہلکار مختلف فرائض کے انجام دہی میں مصروف ہیں۔سعودی وزیر حج توفیق ال رابعیہ نے ‘اے ایف پی’ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حجاج کے لیے 50 ہزار اسکوائر میٹر کے علاقے کو شیڈز لگا کر گرمی سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے ، میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ ساتھ دوائیوں کی بروقت دستیابی کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ 400 کولنگ یونٹس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔وزیرِ حج کے مطابق زائرین کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے تو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو نقل و حرکت کو دیکھنے کے لیے ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے ۔
اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا
ریاض ۔5؍جون(ایجنسیز) سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اعلان کیا ہے کہ اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ ایس پی اے کے مطابق بیرون ممالک سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج سعودی عرب آنے جبکہ داخلی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 654 رہی ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے ’اندرون اور بیرورن ملک سے آنے والے حجاج میں مردوں کی تعداد 8 لاکھ 77 ہزار 841 جبکہ خواتین کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 389 تھی۔بیرون مملکت سے آنے والوں میں فضائی راستے سے 14 لاکھ 35 ہزار 17 ، بری راستے سے 66 ہزار 465 جبکہ بحری راستے سے 5 ہزار 94 حجاج سعودی عرب پہنچے۔محکمہ شماریات نے یہ اعداد وشمار وزارت داخلہ کے انتظامی ریکارڈ کی مدد سے جاری کیے ہیں۔
ڈونالڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
بیجنگ، 5 جون (یو این آئی) چین اور امریکہ درمیان ٹیرف جنگ کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ اور ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ امریکی صدر ٹرمپ کی درخواست پر ہوا۔میڈیا کے مطابق چینی میڈیا نے ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ہوئے رابطے میں ہونے والی گفتگو کی کوئی تفصیل نہیں بتائی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 12 مئی کو دونوں ممالک نے ایک 90 روزہ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت ایک دوسرے پر عائد سخت تجارتی محصولات کو جزوی طور پر واپس لینے پر اتفاق ہوا تھا ۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ متعدد بار تجارتی شراکت داروں پر سخت اقدامات کی دھمکیاں دے چکے ہیں، جنہیں وہ اکثر آخری لمحات پر واپس بھی لے چکے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے چین اور دیگر ممالک پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے بعد عالمی مارکٹ پر بھی اس کا اثر پڑا تھا ۔