ہائی کورٹ کے احکامات، حکومت اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ منتھنی پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں ہوئی موت کی تحقیقات کرتے ہوئے عدالت کو رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو کمشنر پولیس کی رپورٹ کی بنیاد پر خاطی پولیس والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے۔ عدالت نے ریاستی حکومت، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دوسروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈوکیٹ پی وی ناگامنی کی جانب سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست پر یہ عبوری احکامات جاری کئے۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ پدا پلی ضلع کے منتھنی پولیس اسٹیشن میں 25 مئی کی ابتدائی ساعتوں میں رنگیا نامی شخص کی پولیس تحویل میں موت واقع ہوئی ہے۔ درخواست گذار کے وکیل کے گوپال نے موت کو قتل قرار دیا اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اپیل کی۔ رنگیا کو الیکٹرک فینسنگ کے ذریعہ جانوروں کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 22 مئی کو حراست میں لیا گیا لیکن 24 مئی تک گرفتاری کی توثیق نہیں کی گئی۔ غیر قانونی حراست کے دوران مبینہ طور پر ایذا رسانی کی گئی۔ 25 مئی کو رنگیا کی موت کا اعلان کیا گیا لہذا یہ قتل کا کیس ہے۔ عدالت نے کہا کہ چونکہ نعش کی آخری رسومات انجام دی جاچکی ہیں لہذا دوبارہ پوسٹ مارٹم کے احکامات جاری نہیں کئے جاسکتے۔ درخواست گذار کے وکیل نے شکایت کی کہ غیر قانونی حراست کے دوران ملزم کو جسمانی اذیت دی گئی۔ عدالت نے چیف سکریٹری، پرنسپال سکریٹری ہوم اور دوسروں کو نوٹس جاری کی ہے۔