لاک ڈاؤن سے بدحال غریبوں کی عوامی نمائندوں پر برہمی

   

مسلسل بند اور سماجی دوری کی سخت شرائط کے درمیان نمائندوں کی دوری پر افسوس کا اظہار
حیدرآباد۔13مئی(سیاست نیوز) شہر کے سلم علاقوں کے علاوہ غریب بستیوں میں عوامی نمائندوں پر برہمی میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور عوام موجودہ حالات میں عوامی نمائندو ںکی جانب سے اختیار کی جانے والی مجرمانہ خاموشی پر برہم ہونے لگے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے سبب جو حالات پیدا ہوئے ہیں ان حالات میں روزمرہ کے اساس پرآمدنی حاصل کرنے والوں کی حالت انتہائی ابتر ہوتی جا رہی ہے اور وہ اپنے علاقہ کے نمائندوں سے توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی دلجوئی یا مدد کے لئے کوئی آگے نہیں آیا ہے جس کے سبب عوام کی ناراضگی میں اضافہ ہوتا جا رہاہے جو کہ منتخبہ نمائندوں کے حق میں بہتر نہیں ہے کیونکہ اگر یہی صورتحال جاری رہی اور عوام اور منتخبہ نمائندوں کے درمیان ناراضگی میں اضافہ ہوتا تو اپنے ہی علاقو ںمیں منتخبہ نمائندوں کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ عوام لاک ڈاؤن کے سبب بے بس ہوچکے ہیں اور اب ان کے پاس اجناس اور روزمرہ کے اشیائے ضروریہ بھی باقی نہیں رہے ہیںجس کے سبب وہ پریشانی کی عالم میں ان لوگوں پر برہمی ظاہر کر رہے ہیں جو ان کے نمائندہ ہونے کے دعوے کرتے ہیں اور اب جبکہ حالات اس قدر سنگین ہوچکے ہیں کہ شہرکے سلم علاقوں کے علاوہ غریب بستیوں میں رہنے والوں کو کھانے پینے کی پریشانی ہونے لگی ہے ۔حیدرآباد کے کئی علاقوں بھولے صاحب مقطعہ‘ خیریت آباد‘ مقطعہ مدار صاحب ‘ کشن باغ ‘ بندلہ گوڑہ ‘غوث نگر‘ قلندر نگر‘ نشیمن نگر‘وٹے پلی ‘نامپلی کے علاوہ ملک پیٹ کے کئی علاقو ںمیں موجود رجسٹرڈ سلم علاقو ںمیں نہ صرف اجناس کے لئے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں بلکہ ان علاقوں میں پینے کے پانی کے بھی مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔