نئی دہلی،12اپریل(یواین آئی)کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کئے گئے لاک ڈاؤن سے اس وبا پر کافی حد تک کنٹرول کرنے کے ساتھ ہی ماحول میں بھی کافی بہتری ہوئی ہے ۔ارضیاتی سائنس کی وزارت کی اکائی ‘سفر’کے اعدادو شمار کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران دہلی اور ممبئی جیسے شہروں میں آلودگی 50فیصدکم ہوئی ہے ۔ساتھ ہی شہروں میں بھی آلودگی کی سطح میں کمی آئی ہے اور کسی بھی شہر میں فضائی آلودگی کا انڈیکس (اے کیو آئی) یعنی خراب کے زمرے میں نہیں ہے ۔تقریباً 90فیصد شہروں میں اے کیو آئی اچھے یعنی اطمینان بخش زمرے میں ہے ۔فضائی آلودگی کے ساتھ ہی صوتی آلودگی میں بھی کمی آئی ہے ۔اس سے عام طورپر دن میں دوری بنائے رکھنے والے جانور بھی باہر نکلنے لگے ہیں۔گھروں کے آس پاس پرندوں کی چہچہاہٹ بڑھ گئی ہے ۔صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے نکلنے والا گندا پانی اب ندیوں میں نہیں جارہا ہے ۔اس سے ندیاں بھی صاف ہوگئی ہیں۔سفر کے اعدادو شمار کے مطابق،قومی دارالحکومت دہلی میں مارچ کے پہلے ہفتے کے مقابلے میں اپریل کے پہلے ہفتے میں ہوا میں پی ایم دس کی سطح میں 51فیصد،پی ایم 2.5کی سطح میں 49فیصد ،پی ایم 2.5میں 45فیصد اور نائیٹروجن آکسائڈ میں 60 فیصد کی کمی درج کی گئی ہے ۔