لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندان حکومت کی امداد سے محروم

   

ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کو کانگریس صدورکی نمائندگی

حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے تمام ضلع صدور کی جانب سے آج متعلقہ ضلع کلکٹرس کو یادداشت پیش کرتے ہوئے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں کی امداد کی درخواست کی گئی۔ ہر ضلع میں کلکٹرس کو یادداشت پیش کرتے ہوئے شکایت کی گئی کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امداد غریبوں تک نہیں پہنچی ہے۔ چاول اور مالی امداد کا اعلان کیا گیا لیکن 50 فیصد سے زائد سفید راشن کارڈ ہولڈرس ابھی بھی امداد سے محروم ہیں۔ ریاست میں غریبوں کو حکومت کی امداد فراہم کرنے کیلئے پردیش کانگریس کی ہدایت پر ضلع کمیٹیاں متحرک ہوچکی ہیں۔ مرکز اور ریاست میں متاثرہ خاندانوں کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے لیکن راشن کارڈ سے محروم خاندان نظر انداز کردیئے گئے۔ کلکٹرس کو بتایا گیا کہ غیر مقامی ورکرس کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ 8 لاکھ سے زائد غیر مقامی ورکرس تلنگانہ میں پھنس چکے ہیں اور آبائی مقامات روانگی کے منتظر ہیں۔ حکومت تین لاکھ ورکرس کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ حقیقی تعداد اس سے زیادہ ہے ۔ حکومت کو تمام 8 لاکھ ورکرس کی مدد کرنی چاہئے ۔ کسانوں کی پیداوار کی خریدی کے سلسلہ میں حکومت نے اعلان کیا تھا لیکن خالی تھیلوں کی کمی کا بہانہ بناکر خریدی کو روک دیا گیا ہے جس سے کسانوں کا بھاری نقصان ہوا۔ غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ ضلع کلکٹر سے اپیل کی گئی کہ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت غیر مقامی مزدوروں اور زرعی مزدوروں کو کام دیا جائے۔