نرمی کے اوقات میں اضافہ بھی ناگزیر، ظہیرآباد میں کانگریس قائدوائی نروتم کی پریس کانفرنس
ظہیرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ممبر وائی نروتم نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرزور الفاظ میں کہا کہ لاک ڈاؤن ، کورونا پر قابو پانے کا واحدحل نہیں ہے بلکہ کورونا سے نمٹنے کیلئے وافر مقدار میں کوویڈ ویکسین ، آکسیجن اور زیادہ سے زیادہ کوویڈ کیرسنٹرس کے قیام کی ضرورت ہے جبکہ لاک ڈاؤن سے شدید طور پر متاثر ہونے والے غریب خاندانوں کو مالی امداد پہنچانا بھی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا واحد مقصد عوام کی گہما گہمی پر بریک لگاتے ہوئے انہیں گھروں میں محروس رکھنا ہے اور جب کبھی اشیائے ضروریہ خریدنی ہو تو لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی کے دوران مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلنا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران صبح 6 بجے تا 10 بجے دن دی گئی نرمی کے اوقات میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی خریدی نہیں ہورہی ہے اور یہ کہ لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی کا وقت اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے کافی نہیں ہے۔ انہوں نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو بھی مالی راحت پہنچانے کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی کے اوقات میں اضافہ کرنے، غریب خاندانوں کو کم از کم 6000 روپئے مالی امداد پہنچانے اور کورونا پر قابو پانے کیلئے میڈیکل انفرااسٹرکچرس کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تبدیلی لانے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے۔