بھدوہی ۔ /12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لاک ڈاؤن نے ملک بھر کے غریب عوام کو فاقہ کشی میں مبتلا کردیا ہے ۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مسلسل لاک ڈاؤن کا عذاب غریبوں کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ اترپردیش میں بھدوہی کے گوپی گنج سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے فاقہ کشی سے پریشان ہوکر اپنے 5 بچوں کو گنگا ندی میں پھینک دیا ۔ گھر کے خرچ کیلئے شوہر سے پیسے مانگنے پر جھگڑا شروع ہوا ۔ اس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے 3 سالہ لڑکے کے بشمول اپنے 5 بچوں کو لیکر گنگا گھاٹ پہونچ گئی اور مبینہ طور پر انہیں گنگا ندی میں ڈھکیل دیا ۔ اس کے بعد خود بھی چھلانگ لگادی ۔ جبکہ اس کے بچے 8 سالہ شیوشنکر ، کیشو پرشاد (3) اور پوجا عرف سرسوتی (6) اور دیگر دو بچوں کی عمریں 10 تا 12 سال بتائی گئی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام غرقاب ہوگئے ۔ ماں نے چھلانگ لگانے کے بعد اپنا ذہن تبدیل کردیا اور تیر کر کنارہ پہونچ گئی ۔ اس واقعہ کے بعد وہ ندی کے کنارے گم سم بیٹھی رہی ۔ بعض مقامی افراد نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ پولیس نے کہا کہ نیرودل عرف منا نے اپنی بیوی منجو سے گھریلو اخراجات کے بارے میں بحث کی تھی ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھدوہی راجندر پرساد اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رام بدن سنگھ مقام پر پہونچ گئے اور بچوں کی تلاش کیلئے غوطا خوروں کی دو ٹیمیں گنگا میں اتاردی ہیں ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ واقعہ کے بعد یہ خاتون وہاں سے ہٹنے تیار نہیں تھی ۔ پولیس نے کہا کہ جہانگیرآباد گھاٹ کے قریب ندی کا پانی بہت گہرا ہے ۔ یہاں بچوں کی تلاش جاری ہے ۔ اس کے شوہر نے کہا کہ آخر اس کی بیوی نے اس قدر انتہائی اقدام کیوں کیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں غم کی لہر پھیل گئی ۔ لاک ڈاؤن سے لوگوں میں مایوسی پیدا ہورہی ہے ۔