یروشلم ۔ /2 مئی (سیاست ڈاٹ کا م) کورونا وائرس کی وباء سے بچنے کیلئے مقدس ماہ رمضان میں مسلمان سماجی فاصلہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے عبادات میں مصروف ہیں ۔ مسجد اقصیٰ میں بھی کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر سخت تحدیدات عائد کئے گئے ہیں ۔ فلسطینی اتھاریٹی اور اسرائیل لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ حالیہ عرصہ میں بعض قواعد میں نرمی کی گئی ہے اور اشیائے ضروریہ کے علاوہ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کی بھی اجازت دی گئی ہے ۔ وباء کے پیش نظر بڑے اجتماعات پر پابندی برقرار ہے ۔ دو میٹر کے فاصلہ کے ساتھ 19 افراد کو گروپ کی شکل میں عبادت کی اجازت دی گئی ہے ۔ رمضان میں عام طور پر مسجد اقصیٰ میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمان عبادت کیلئے جمع ہوتے ہیں ۔ اس مرتبہ پابندیوں کے باعث مسجد اقصیٰ کے آس پاس وہ رونق نہیں ہے ۔ مسلم اکثریتی علاقوںمیں شام 6 بجے دوکانات بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے لیکن ہوم ڈیلیوریز کی اجازت دی گئی ہے ۔ فلسطینی اتھاریٹی کی جانب سے مغربی کنارہ اور دیگر حصوں میں گزشتہ 6 ہفتوں سے سخت تحدیدات عائد کئے گئے ہیں ۔ اسرائیل میں کورونا وائرس کی وباء سے اب تک 223 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 16 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہیں ۔اسی طرح فلسطین میں 330 متاثر اور دو جاں بحق ہوئے ہیں ۔