لاک ڈاؤن میں توسیع کو کانگریس کی تائید : بھٹی وکرامارکا

,

   

Ferty9 Clinic

کے سی آر تلنگانہ کو جاگیر نہ سمجھیں، اپوزیشن پر بیجا تنقیدکی شکایت
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اپوزیشن کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت کی مکمل تائید کررہی ہیں چیف منسٹر کے ریمارکس اُن کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کیلئے مرکز اور ریاستی حکومتیں ذمہ دار ہیں جنہوں نے مقررہ وقت پر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن نے 11 فروری کو کورونا کے بارے میں وارننگ دی تھی۔ راہول گاندھی نے بھی حکومت کو چوکس کیا لیکن 22 مارچ تک مرکز اور ریاست کی جانب سے کوئی احتیاطی قدم نہیں اُٹھائے گئے۔’ جنتا کرفیو ‘ تک جو نقصان ہونا تھا ہوچکا۔ انہوں نے سوال کیا کہ نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز میں اجتماع کی اجازت کس نے دی تھی۔ نومبر میں جب کورونا کا پتہ چلا تو فروری میں اجتماع کی اجازت کیوں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع میں آنے والے افراد کو ویزے کیونکر جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر کے سی آر اصل مسئلہ کا رُخ بدلتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنارہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ کسی ایک کی جاگیر نہیں ہے بلکہ وائرس سے نمٹنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے لاک ڈاؤن میں توسیع کی تائید کی اور کہا کہ حکومت کو غریبوں کی دیکھ بھال اور اناج کی فراہمی کے اقدامات کرنے چاہیئے۔