لاک ڈاؤن میں توسیع کے ذریعہ کورونا وائرس پر قابو ممکن : کے ٹی آر

   

ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کی ستائش،ٹوئٹر پر عوامی سوالات کے جواب

حیدرآباد۔/11اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے سخت گیر قدم اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ان کی شخصی رائے میں جاریہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی ضرورت ہے۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر ’ کے ٹی آر سے پوچھو‘ پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے عوام کے سوالات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کیلئے ماہر ڈاکٹرس ، نرسیس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاوہ پولیس اور دیگر محکمہ جات پر عوام کو فخر ہے۔ لاک ڈاؤن کے ذریعہ عوام میں ڈسپلن پیدا ہوچکا ہے اور یہ ڈسپلن آئندہ بھی برقرار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کیلئے ہاٹ اسپاٹ سمجھے جانے والے مقامات پر اجتماعی ٹسٹ کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران گذرنے کے بعد حکومتوں کی جانب سے محکمہ صحت پر مزید توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے آلودگی کم کرنے کیلئے 10 روزہ لاک ڈاؤن کی ایک شخص کی جانب سے پیش کردہ تجویز کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کیلئے سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر کے ذریعہ وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو وقت کا صحیح استعمال کرنا چاہیئے اور اپنی صحت کا خیال رکھنا ہوگا۔