لاک ڈاؤن میں حکومت کی ہدایات اور علماء کے مشوروں کی پابندی ضروری

   

غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ، معتمد عمومی و خازن کل ہند مجلس تعمیر ملت کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کے معتمد عمومی ڈاکٹر یوسف حامدی نے عوام خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں اور اپنے اپنے گھروں تک محدود رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو عالمی ادارہ صحت نے ایک وباء قرار دیا ہے ، جس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے تمام احتیاطی اقدامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں ۔ حکومت نے 21 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے ، یہ اقدام سخت دکھائی دیتا ہے لیکن یہ قوم کے مفاد میں ہے اس لیے اس کی پابندی کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم احتیاط نہ کریں تو وہ بڑی تیزی سے پھیلتی جائے گی اور لاکھوں افراد لقمہ اجل بن جائیں گے ۔ اس لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے ۔ صرف ضروری اشیاء خریدنے کے لیے ہی باہر نکلیں ۔ نمازوں کی پابندی کریں ۔ لیکن مساجد کو نہ جائیں کیوں کہ علمائے کرام نے بھی یہی مشورہ دیا ہے نماز کے لیے مساجد میں اکٹھا نہ ہوں اور گھروں میں ہی نماز ادا کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم میں سے کوئی بھی اس وائرس سے متاثر ہوجائے تو پھر سارا خاندان اس کی لپیٹ میں آجائے گا ۔ خازن تنظیم جناب مرزا یوسف بیگ نے کہا کہ حکومت کے سخت گیر اقدامات اس لیے ناگزیر ہیں کہ ایک سو سال پہلے دنیا میں اسپینش فلو (Spanish Flu) کی وبا پھیل گئی تھی جس کی وجہ سے پانچ کروڑ لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے ۔ اگر اب دنیا میں لاک ڈاؤن نہ کیا جاتا تو ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی تھی ۔ اس لیے ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کی سفارش پر تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے امریکہ ، چین ، اٹلی ، ایران اور اسپین جیسے ممالک کے مقابلہ میں ہندوستان میں صورت حال بہتر ہے ۔ حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔۔