لاک ڈاؤن میں راحت ، دوکانات پر جرمانہ جاری

   

Ferty9 Clinic

گاہکوں کو فاصلہ کی عادت نہیں، تاجر پریشان
یلاریڈی۔/17 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر ویسے تو صبح سے شام تک تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سختی کے ساتھ جن پابندیوں کو عائد کیا گیا ہے اس سے تاجرین کو پریشان ہونا پڑ رہا ہے اور آئے دن انہیں کم از کم ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔ کیونکہ دوکانات پر مواضعات کی عوام فاصلہ اختیار کرنے میں عدم دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کا خمیازہ بے چارے مالکان کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ میونسپل عہدیدار اور پولیس سماجی فاصلوں کے ساتھ بازار کھولنے کی اجازت کے بعد بازار میں کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چہرے پر ماسک نہ لگانے والوں پر جرمانہ عائد کیا حارہا ہے اور دوسری طرف کسی دوکان پر گاہکوں کا مجمع ہے تو اس دکان کے مالک پر جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔ لاک ڈاؤن میں بند رکھی گئی دوکانات پر خاصا نقصان اٹھانے والے مالکان ان پابندیوں کے نام پر آمدنی سے زیادہ جرمانہ ادا کررہے ہیں۔ میونسپل کمشنر مسٹر محمد قمر احمد نے 13 افراد پر ماسک نہ لگانے پر ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا تو فاصلوں پر عمل آوری نہ کرنے والے چھ دوکانداروں پر فی کس ہزار روپئے چھ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ لاک ڈاؤن میں برباد ہونے والے تاجر اب پابندیوں کے نام پر تباہ ہورہے ہیں۔