لاک ڈاؤن میں روزگار سے محروم افراد میں اسٹارٹ اَپ کا رجحان

   

آئی ٹی شعبہ میںکم سرمایہ سے چھوٹی کمپنیوں کا قیام، امید افزاء نتائج
حیدرآباد۔ لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے دوران جہاں لوگوں میں منفی رجحان فروغ ہوتا دیکھا گیا ہے وہیں قابل اور باہمت نوجوان جو کہ مواقع دستیاب نہ ہونے کے سبب ملازمت پر انحصار کئے ہوئے تھے وہ اب اپنے اسٹارٹ اپ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرنے لگے ہیں اور اس کے لئے وہ عصری تقاضوںکو پورا کرنے کے علاوہ تجارت کے انداز میں تبدیلی کی حکمت عملی تیار کئے ہوئے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک کے ایسے شہروں میں جہاں آئی ٹی صنعت کو کافی فروغ حاصل ہے ان مقامات پرانفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ سے جڑے ہوئے نوجوانوں نے اپنے ملازمتوں کے چلے جانے کے بعد محرومی کے احساس کے بجائے ان حالات سے فائدہ اٹھانے اور نئے اسٹارٹ اپ پر کام کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جو نوجوان ملازمتوں سے محروم ہونے لگے ہیں وہ اپنے صلاحیتوں کو اپنے اسٹارٹ اپ کے آغاز کے لئے استعمال کرنے پر توجہ دے رہے ہیں کیونکہ ان کے تجربہ اور تعلقات کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کرتے ہوئے اس بات کا احساس پیدا ہوچکا ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں خدمات انجام دینے کے لئے ضروری نہیں ہے کہ ان کا اپنا آفس ہو اور کافی تعداد میں ملازمین موجود رہیں۔ ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کے بعد اب جبکہ تمام حالات معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ایسے میں معاشی سرگرمیوں میں کوئی بہتری نہیں دیکھی جا رہی ہے بلکہ تجارتی مندی ریکارڈ کی جا نے لگی ہے لیکن ان حالات میں نوجوان جو انفارمیشن ٹکنالوجی صنعت سے وابستہ ہیں وہ چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کے قیام کے ذریعہ کم قیمت میں کام حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں کئی نوجوانوں کو کامیابی حاصل ہونے لگی ہے۔ بڑی کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کی تخفیف کے ذریعہ اخراجات میں کمی لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ان کمپنیوں سے علحدگی اختیار کرنے والے ملازمین کی جانب سے چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کے کام کے کنٹراکٹ بڑی کمپنیوں سے کم قیمت پر حاصل کئے جانے لگے ہیں اور انہیں اس میں کامیابی حاصل ہونے لگی ہے ۔ ان چھوٹی کمپنیوں کو حاصل ہونے والی کامیابی کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جو ادارے بڑی کمپنیوں سے کام کروایا کرتے تھے وہ بھی اپنے اخراجات میں کمی کے لئے ایسی کمپنیوں کو تلاش کر رہے ہیں جو کم قیمت پر ان کے کاموں کو مکمل کرسکے۔