ڈی جی پی مہیندر ریڈی کا دورہ کنڈکویا، ویکسین لینے پر زور
حیدرآباد۔ لاک ڈاؤن کی مدت تک پولیس کے ساتھ عوام کا تعاون اسی طرح جاری رہنا چاہیئے۔ وباء کے خاتمہ کیلئے جاری کوششوں میں عوام پولیس کی کارکردگی کا حصہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے کیا۔ انہوں نے آج سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں کنڈکویا علاقہ کا دورہ کیا اور لاک ڈاؤن انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل آوری جاری ہے اور عوام کا بہترین تعاون حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں اور اس طرح ایک ضلع سے دوسرے ضلع اور ایک ریاست سے دوسری ریاست نقل و حرکت کو بند کردیا گیا ہے اور تمام بین ریاستی سرحدوں کو بند کردیا گیا ہے تاکہ اس وباء پر جلد از جلد قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ سوائے ایمرجنسی ضروریات کے تمام تر سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی ہے اور ایسے افراد ہی کو اجازت دی جارہی ہے جو اشد ضرورت پاس حاصل کرچکے ہیں۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ غیر ضروری بلا وجہ کسی کو بھی پاس کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ ڈی جی پی نے رات دن 24 گھنٹے خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین عملہ اور اعلیٰ عہدیداروں کی خدمات کی ستائش کی۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کہا کہ آج لاک ڈاؤن کو 16 دن ہوچکے ہیں۔ اسی دوران لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں عوام کا بہترین تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس حدود میں 5 ہزار پولیس ملازمین لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کورونا کی چین کو توڑنے کیلئے عوام کا ساتھ ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ویکسین کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے ویکسین حاصل کرلیں اور مزید 4 دن کسی بھی صورت میں اپنے مکانات سے باہر نہ آئیں۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے۔