حیدرآباد۔/11اپریل، ( سیاست نیوز) لوک ستہ کے صدر جے پرکاش نارائن نے لاک ڈاؤن سے پریشان حال عوام کو راحت دینے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے لاک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں کروڑہا افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ مرحلہ وار انداز میں لاک ڈاؤن میں نرمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کا پتہ چلانے کیلئے بڑے پیمانے پر ٹسٹ کئے جانے چاہیئے۔ دیگر ممالک کے مقابلہ میں ہندوستان میں بہت کم تعداد میں ٹسٹ ہورہے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد مکانات سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی آبادی والے ملک میں 200 افراد کی ہلاکت سے عوام خوف و دہشت کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہندوستان کورونا کے قہر سے بچ جائے گا۔