منچریال پولیس کا کامیاب تجربہ، گلی کوچوں میں نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں مدد
حیدرآباد۔ ریاست بھر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے پولیس نت نئے طریقے اختیار کررہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں تینوں علاقوں کے پولیس کمشنرس لاک ڈاؤن کے نفاذ کا برسرموقع جائزہ لینے کیلئے سڑکوں پر دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی طرح اضلاع میں بھی کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نرمی کے اوقات میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا بہ نفس نفیس جائزہ لے رہے ہیں۔ منچریال پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں کا پتہ چلانے کیلئے ڈرون کی خدمات حاصل کی ہیں جس کے کیمرے کے ذریعہ آبادیوں میں عوام کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ پولیس نے لاک ڈاؤن قواعد پر سختی سے عمل آوری کیلئے عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔ ڈی سی پی اودئے کمار کے مطابق آبادیوں کی گلی کوچوں میں عوام کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا جارہا ہے جس کی مدد سے پولیس کو عوام کی نقل و حرکت روکنے میں مدد مل رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آبادیوں میں ڈرون کی پرواز کے ساتھ ہی عوام گھروں میں داخل ہوجاتے ہیں کیونکہ ڈرون کیمرے کا راست تعلق کنٹرول روم سے ہوتا ہے اور ہر علاقہ کی صورتحال کے بارے میں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع دی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں منچریال پولیس کا یہ تجربہ دیگر اضلاع کیلئے قابل تقلید ہے۔ اسی دوران عادل آباد کے انچارج سپرنٹنڈنٹ راجیش چندرا اور دیگر عہدیداروں نے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چیک پوسٹ پر تلاشی مہم کی نگرانی کی۔ ضلع میں لاک ڈاؤن خلاف ورزی کے 961 کیسس درج کئے گئے اور 9 لاکھ 61 ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔ 1268 گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔