صبح 9-45 بجے سے ہی تجارتی اداروں کو بند کروانے پولیس کو اشارہ : مہیندر ریڈی
حیدرآباد : ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے آج کہا کہ لاک ڈاؤن کی توسیع /30 مئی تک کئے جانے کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے قوانین پر مزید سختی سے عمل آوری کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر 10 بجے کے بعد بلاوجہ پائی جانے والی گاڑیوں کو فوری ضبط کرلیا جائے ۔ ریاستی پولیس سربراہ نے آج تمام پولیس کمشنران ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران واضح طور پر ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کی عمل آوری پر مزید سختی ضروری ہے اور پولیس اس پر خاص توجہ دے ۔ انہوں نے اپنے ماتحتوں کو بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ روزانہ کی اساس پر ہر ضلع سے متعلق تفصیلات شخصی طور پر حاصل کررہے ہیں اور اس پس منظر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری لازم ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران صبح 6 بجے تا 10 بجے تک عوام کو ضروری اشیاء اور دیگر معاملات سے نمٹنے کیلئے 4 گھنٹے کے چھوٹ دی گئی ہے لیکن یہ دیکھا گیا ہے کہ عوام اپنے مکانات سے 8 بجے کے بعد ہی نکل کر 10 بجے کے بعد تک سڑکوں پر دکھائی دے رہی ہیں ۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ آئندہ دنوں ریاست میں پولیس 9.45 سے ہی لاک ڈاؤن کی عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے تجارتی ادارے وغیرہ بند کروادیں اور 10 بجے کے بعد جو کوئی بھی سڑکوں پر نظر آنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ پولیس پٹرولنگ میں مزید اضافہ ضروری ہے اور لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کوئی کسر نہ چھوڑے ۔ انہوں نے اپنے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے جی او میں مخصوص افراد کو ہی لاک ڈاؤن کے اوقات کے دوران سڑکوں پر گھومنے کی اجازت ہے اور پٹرول پمپس کو بھی دن بھر کھلا رکھنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔