محکمہ پولیس سے الیکٹرانک بائیکس کو فروغ دینے کے اقدامات
حیدرآباد۔ سائبر آباد کے حدود میں محکمہ پولیس کو ہالا نامی کمپنی کی جانب سے عطیہ میں دی گئی الکٹرانک موٹر سیکلوں پر طلایہ گردی کی جا رہی ہے ۔ملک بھر کے علاوہ ریاست تلنگانہ اور حیدرآباد اور دیگر شہروں میں الکٹرانک بائیکس اور موٹر سیکل کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جاسکے۔ ریاست میں لاک ڈاؤن کے دوران ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اس صورتحال میں سائبر آباد پولیس کی جانب سے الکٹرانک وہیکل کے استعمال کے ذریعہ ماحولیاتی اور فضائی آلودگی میں کمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مادھا پور پولیس اسٹیشن سے وابستہ عہدیداروں اور اہلکاروں کے لئے ہالاہ نامی کمپنی کی جانب سے میسو ماڈل منی الکٹرک اسکوٹر کا عطیہ دیئے جانے کے بعد لاک ڈاؤن کے دوران الکٹرانک بائیکس کے استعمال کے ذریعہ عوامی شعور بھی اجاگر کیا جا رہاہے۔بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے پٹرولنگ کے لئے الکٹرک بائیکس کو فروغ دینے کے اقداما ت کئے جا ئیں گے علاوہ ازیں سائبر آباد اور آئی ٹی کاریڈور میں شی ٹیم کی جانب سے ان الکٹرانک بائیکس کا استعمال ممکن بنایا جاسکتا ہے تاکہ طلایہ گردی کے دوران فضائی آلودگی اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے سلسلہ میں شعور بھی اجاگر کیا جاسکے۔