لاک ڈاؤن پر عمل آوری‘ سائبر آباد اور رچہ کنڈہ سرفہرست

   

چیف منسٹر کے سی آر اور سوشیل میڈیا پر عوام کی جانب سے ستائش
حیدرآباد : تلنگانہ میں لاک ڈاؤن پر موثر عمل آوری کے سلسلہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو موصولہ رپورٹ میں سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ ٹاپ ٹو کمشنریٹ قرار پائے۔ جہاں ریاست کے دیگر اضلاع کے مقابلہ لاک ڈاؤن قواعد پر بہتر عمل آوری ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنے حالیہ دورے ورنگل کے موقع پر پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا کیس اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بارے میں رپورٹ طلب کی ۔ انہوں نے سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ کی کارکردگی کی ستائش کی کیونکہ عوام کی جانب سے بھی سوشیل میڈیا پر دونوں کمشنرس کی غیر معمولی ستائش کی گئی ہے ۔ دونوں کمشنرس سجنار اور مہیش بھاگوت کی خوبی یہ ہے کہ روزانہ صبح ہی سے اپنے اپنے حدود کے تمام چیک پوسٹس پر بہ نفس نفیس موجود رہتے ہوئے لاک ڈاؤن کے نفاذ کی نگرانی کررہے ہیں ۔ سوشیل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمس پر دونوں کمشنرس کی محنت اور مساعی کی ستائش کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے ویڈیو کانفرنس کے دوران دیہی علاقوں میں لاک ڈاؤن کے نفاذ میں کوتاہی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ سائبر آباد کمشنریٹ کے تحت تمام آئی ٹی کمپنیاں اور بین الاقوامی ادارے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس روزانہ سینکڑوں مریضوں کا علاج کر رہے ہیں ۔ آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین کی تفصیل اور مریضوں کو دواخانے سے رجوع کرنے کے معاملہ میں بھی پولیس کی جانب سے تعاون کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ رچہ کنڈہ کے حدود بھونگیر تک ہیں۔ باوجود اس کے کہ کمشنر مہیش بھاگوت روزانہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے شخصی طور پر لاک ڈاؤن کے نفاذ کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں بے سہارا اور معذورین کی امداد بھی جاری ہے ۔ دوسری طرف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ہزاروںکی تعداد میں مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔