لاک ڈاؤن پر فن کاروں نے کیا سوشل میڈیا کا استعمال

   

نئی دہلی16مئی(سیاست ڈاٹ کام )کورونا عالمی وبا کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن سے معمولات زندگی بھلے ہی ٹھپ ہو گئی ہو لیکن سوشل میڈیا پر ملک کے مشہور فن کار اپنے فن کے ذریعہ اس بحران کو ظاہر کررہے ہیں اور ان کے ویڈیو وائرل ہورہے ہیں جسے لاکھوں لوگ دیکھ اور سن رہے ہیں۔ان فن کاروں میں فلم اداکار سے لے کر تھیئٹر آرٹسٹ ،رقاص،مصنف اور مصور بھی ہیں جو کورونا سے لڑنے کی تحریک دے رہے ہیں اور سیکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جانے والے غریبوں کا درد ان کے فن میں چھلک رہا ہے ۔وہ طرح طرح کے ویڈیو بناکر حکومت کے تئیں اپنے اشتعال کو بھی ظاہر کررہے ہیں۔کوئی فن کار رقص کے ذریعہ تو کوئی ڈرامہ کے ذریعہ تو کوئی نظم کے ذریعہ سے اس دکھ اور درد کو بیان کررہا ہے ۔لاک ڈاؤن کے تین مرحلے پورے ہوگئے اور پیر سے چوتھا مرحلہ شروع ہورہا ہے ۔